چین اور ویتنام کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی اکہترویں سالگرہ کے موقع پر تہنیتی پیغامات کا تبادلہ

2021-01-18 10:24:54
شیئر:

چینی کمیونسٹ پارٹی  کی مرکزی کمیٹی کے جنرل سیکرٹری اور صدر مملکت شی جن پھنگ نے چین اور ویتنام کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی اکہترویں سالگرہ کے موقع پر ویتنام کی کمیونسٹ پارٹی کی مرکزی کمیٹی کے جنرل سیکرٹری اور صدر مملکت نگین فو تروگ کے نام  تہنیتی پیغام بھیجا۔شی جن پھنگ نے اپنے پیغام میں کہا کہ حالیہ عرصے میں چین ۔ویتنام تعلقات میں بہتری کا رحجان برقرار ہے۔انہوں نے نگین فو تروگ کے ساتھ دو مرتبہ ٹیلی فونک بات چیت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ نئی صورتحال کے تناظر میں دونوں سیاسی جماعتوں اور دونوں ممالک کےتعلقات کی بہتری اور مضبوطی کے حوالے سے اتفاق رائے پایا گیا ہے۔کووڈ-۱۹ کی وبائی صورتحال کے تناظر میں فریقین نے مشترکہ طور پر  انسداد وبا کی کوششوں کو آگے بڑھایا ہے۔دونوں ممالک کی دوستی کی جڑیں عوام کے دلوں میں محفوظ ہیں۔شی جن پھنگ نے اس بات پر زور دیا کہ رواں سال سے چین میں چودہویں پنج سالہ منصوبے کا آغاز ہورہا ہے جبکہ ویتنام کی کمیونسٹ پارٹی کی تیرہویں قومی گانگریس کا انعقاد ہوگا۔دونوں ممالک کے تعلقات اور تعاون کو  مزید وسعت دینا فریقین کے مشترکہ مفادات سے مطابقت رکھتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ وہ چین ۔ ویتنام تعلقات کو نمایاں اہمیت دیتے ہیں اور نگین فو تروگ کے ساتھ مل کر دونوں جماعتوں اور ممالک کے تعلقات کو آگے بڑھانا چاہتے ہیں۔اسی روز چین کے وزیراعظم لی کھہ چھیانگ نے بھی چین -ویتنام  سفارتی تعلقات کے قیام کی اکہترویں سالگرہ کے موقع پر اپنے ویتنامی ہم منصب نگین زوان فوک کو مبارک باد دی۔