چین میں نئےقمری سال کا آغاز

2019-02-04 15:48:10
شیئر
شیئر Close
Messenger Messenger Pinterest LinkedIn


چین میں  نئےقمری  سال کا آغاز

چین میں نئےقمری سال کا آغاز

ہم چینی قمری سال کے اس مبارک آغاز پر اپنے تمام قارئین کو دل کی اتھاہ گہرایوں سے نئے سال کی مبار ک باد پیش کرتے ہیں۔ چین دنیا بھر میں اپنی رنگا رنگ اور متنوع ثقافت کی وجہ سے بہت مشہور ہے۔ چین میں اپنے قیام کے دوران ہمیں مختلف قسم کی ثقافتی سرگرمیوں کو دیکھنے اور ان میں شرکت کرنے کا موقع ملتا رہتا ہے۔ انہی سرگرمیوں میں سب سے بڑی ثقافتی سرگرمی چین میں نئے سال کی آمد ہے۔ چین میں نئے سال کو جشن بہار بھی کہا جاتا ہے۔ یہ موقع اپنے اہل خانہ سے ملاقات کا ہوتا ہے۔ آج کل چینی عوام کے معیار زندگی بلند ہونے کے ساتھ ساتھ جشن بہار منانے میں بھی تبدیلیاں آ رہی ہیں۔

اب وی چیٹ کے ذریعے ریڈ پیکٹ ایک دوسرے کو ٹرانسفر کیے جاتے ہیں نئے سال کے موقع پر کچھ امیر لوگ دیگر ممالک کی سیاحت کے لئے بھی جاتے ہیں۔ یہ نئے دور میں بدلتے ہوئے چینی جشن تہوار کے نئے رنگ ہیں۔ اس موقع پر بہت سی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ دنیا کی سب سے بڑی انسانی ہجرت بھی ہوتی ہے۔ جشن بہار کے موقع پر چین میں چالیس روزہ تقریبات کا اہتمام کیا جاتا ہے۔پوری دنیا میں مقیم چینی نہایت جوش و خروش سے یہ تہوار مناتے ہیں۔ اس تہوار کے موقع پر گھروں ،دکانوں اور بازاروں کی سجاوٹ کے لیے سرخ رنگ کے استعمال کو ترجیح دی جاتی ہے۔ جشن بہار کے موقع پر لباس میں سرخ رنگ غالب نظر آتا ہے۔

جشن بہار کی تاریخ اور اہمیت

ہماری عیدین کی طرح چین کا سب سے بڑا تہوار جشن بہار ہے وقت کے ساتھ ساتھ جشن بہار منانے کے طریقہ کار میں تبدیلیاں آتی رہی ہیں تاہم چینیوں کی زندگی اور تصور میں جشن بہار کی حیثیت میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے ۔ اس تہوار کی تاریخ چار ہزار سال پرانی ہے۔ آغاز میں اس تہوار کا نہ کوئی خاص نام تھا اور نہ ہی منانے کی کوئی مقرر تاریخ تھی۔ دو ہزار ایک سو سال قبل مسیح کے زمانے میں چینیوں نے سیارہ مشتری کی ایک مکمل گردش کے عرصے کو ایک سال کی مدت قرار دیا اور جشن بہار کو زوئی کا نام دیا یعنی سال۔ پھر ہزار سال قبل مسیح کے زمانے میں چینی لوگ جشن بہار کو نیان کے نام سے پکارنے لگے نیان کا مطلب ہے عمدہ فصل کا سال ۔

چین میں جشن بہار کب منایا جاتا ہے؟

چین کے لوگ روایتی رسم و رواج کے مطابق جشن بہار کا موسم قمری کیلنڈر کے بارہویں یعنی آخری مہینے "لایوئے" کی 23ویں تاریخ سے شروع ہوتا ہے اور اگلے سال کے پہلے ماہ یعنی "چنگ یوئے" کی 15 ویں تاریخ کو لالٹین تہوار تک منایا جاتا ہے ۔ اس دوران سال گذشتہ کی آخری رات اور نئے سال کا پہلا دن سب سے اہم دن ہیں۔

چین میں  نئےقمری  سال کا آغاز

چین میں نئےقمری سال کا آغاز

شاؤ نیان تہوار:( گھروں ، دفاتر اور کاروباری مقامات کی صفائی کا دن)

چینی قمری کلینڈر میں شاؤ نیان کا مطلب ہے چھوٹا نیا سال۔ شاؤ نیان چین میں جشن بہار کی آمد کا اعلان ہوتا ہےیہ 12 ویں قمری مہینے "لایوئے" کی 23 تاریخ کو شمالی چین اور 24 تاریخ کو جنوبی چین میں منایا جاتا ہے۔ اس دن لوگ اپنے گھروں اور دکانوں کی صفائی ستھرائی کا کام کرتے ہیں۔ چین کے لوگ یہ خیال کرتے ہیں کہ اس روز اکثر دیوتا آسمانوں پر واپس چلے جاتے ہیں تاکہ لوگ آرام سے صفائی ستھرائی کے کام کر سکیں۔

چین میں  نئےقمری  سال کا آغاز

چین میں نئےقمری سال کا آغاز


توفو کی تیاری

چین کی شاہکار روائتی داستانوں میں جید شہنشاہ کو مرکزی حیثیت حاصل ہے اور یہ تصور کیا جاتا ہے کہ آسمانوں پر ان کی حکومت ہے۔ چینی لوگوں کا ماننا ہے کہ 12 ویں قمری مہینے کی 25 تاریخ کو جید شہنشاہ جنہیں چینی زبان میں" یو ہوانگ دادی "کہا جاتا ہے زمین پر آتے ہیں اور دنیا کا معائنہ کرتے ہیں۔ وہ لوگوں کے رہن سہن، لگن اور ایمانداری کا جائزہ لیتے ہیں۔اس دن لوگ خصوصی طور پر روائتی کھانا توفو تیار کرتے ہیں۔ یہ چین میں تیار ہونے والا سب سے سستا کھانا ہے۔ اس کی تیاری کا مقصد جید شہنشاہ کی خوشنودی حاصل کرنا ہوتاہے۔ اس دن روائتی عبادات منعقد کی جاتی ہیں۔ چینی عقائد کے مطابق اس دن چینی لوگوں کے رزق میں اضافہ لکھا جاتا ہے۔ اس لئے لوگ محنت سے توفو تیار کرتے ہیں۔

اس دوران شمالی مشرقی چین میں لوگ ایک خاص قسم کا بن تیار کرتے ہیں جسے مقامی زبان میں "نیان دو باؤ" کہا جاتا ہے ۔ اس میں سرخ لوبیے کی پیسٹ بھری ہوتی ہے اور باہر ہمارے ہاں پائے جانے والے پوڑے کی طرز کا ایک کور ہوتا ہے۔ "نیان دو باؤ" جشن بہار کے دوران کثرت سے پیش کی جانے والی ایک بنیادی خوراک ہوتی ہے۔

چین میں  نئےقمری  سال کا آغاز

چین میں نئےقمری سال کا آغاز

گوشت کی دعوت:لا یوئے کی 26 تاریخ

چین میں 12 ویں قمری مہینے کی 26 تاریخ کو خصوصی طور پر گوشت پکا یا جاتا ہے۔ ماضی میں وسائل کی کمی کی وجہ سے عام طور پر لوگ جشن بہار کے موقع پر ہی گوشت کھایا کرتے تھے تو اس وجہ سے اب خصوصی طور پر اس دن گوشت کھایا جاتا ہے۔ یہ وہ دن ہوتا ہے جب امیر اور غریب سبھی بڑی رغبت سے گوشت کھاتے ہیں۔

چین میں  نئےقمری  سال کا آغاز

چین میں نئےقمری سال کا آغاز

خصوصی غسل کا دن

چین میں 12 ویں قمری مہینے کی 27 تاریخ کو لوگ ایک خصوصی غسل کا اہتمام کرتے ہیں۔ اپنے کپڑے دھوتے ہیں۔ اس دن اس سرگرمی کا مقصد برائیوں اور گندگی کو دور بھگانا اور نئے سال میں اپنے آپ کو بیماریوں سے بچانا ہے۔

بیجنگ اور تیانجن شہر میں لوگ اس دن خصوصی طور پر مر غ کھاتے ہیں۔ اس دن مرغی کی بجائے مرغ کا گوشت زیادہ رغبت سے کھایا جاتا ہے۔ اس مقصد یہ ہوتا ہے کہ اگلا سال خوش بختی کا سال ہوگا۔

چین میں  نئےقمری  سال کا آغاز

چین میں نئےقمری سال کا آغاز

جشن بہار کے خصوصی کھانوں اور میٹھائیوں کی تیاری

چین میں ایک خاص روایت یہ ہے کہ نئےقمری سال کے پہلے مہینے "چنگ یوئے "میں پیش کرنے کے لئے بنیادی کھانے پہلے سے تیار کر لئے جاتے ہیں۔ یہ اشیا عام طور پر آٹے سے تیار کی جاتی ہیں کیونکہ انہیں محفوظ بنانا زیادہ آسان ہوتا ہے۔ یہ کام12 ویں مہینے کی 28 تاریخ کو شروع ہوتا ہے اور اگلے ایک سے دو روز تک جاری رہتا ہے۔

چین کے شمالی علاقوں کے رہنے والے لوگوں بھاپ کی مدد سے بند تیار کرتے ہیں یہ بند مختلف جانوروں یا پھولوں کی شکل میں تیار کئے جاتے ہیں۔ جبکہ جنوبی علاقوں کے لوگ ایک خاص قسم کا کیک بناتے ہیں جسے چینی زبان میں "نیان گاؤ" کہتے ہیں۔ یہ لیس دار چاولوں کی مدد سے تیار کیا جاتا ہے۔

چین میں  نئےقمری  سال کا آغاز

چین میں نئےقمری سال کا آغاز

مقبروں اور یادگاروں پر حاضری شاو کی رسم

چین میں 12 ویں قمری مہینے کی 29 تاریخ کو شاؤ کی رسم منائی جاتی ہے۔ یہ رسم اپنے آباو اجد اد سے عقیدت کے اظہار کا موقع ہے۔اس دن لوگ علی الصبح اٹھ جاتے ہیں اور اپنے بزرگوں کی قبروں یا مزارات کی صفائی کرتے ہیں۔ ان کی روح کی تسکین کے لئے اگربتیاں اور خوشبودار کاغذ جلائے جاتے ہیں۔

گھروں کی سجاوٹ اور دعائیہ اشعار

لایوئے کی 28 سے 30 تاریخ کے دوران دروازوں کے اوپر دعائیہ اشعار آویزاں کئے جاتے ہیں۔

کھڑکیوں پر کاغذ کاٹ پر بنائی گئی تصاویر آویزاں کی جاتی ہیں۔ دیواروں پر نئے سال کو خوش آمدید کہنے کے لئے خیر مقدم تصاویر لگائی جاتی ہیں۔ ان تمام کا مقصد نیک خواہشات اور تمناوں کا اظہار کرنا ہے۔

چین میں  نئےقمری  سال کا آغاز

چین میں نئےقمری سال کا آغاز

قمری مہینے لا یوئے کی 30 تاریخ سال نو کی شام چاند رات( شو سوئی)

یہ جشن بہار کی شام ہے۔ خاندانوں کے ملن میں اس قمری مہینے لایوئے کی 30 تاریخ کو خصوصی اہمیت حاصل ہے۔ عیسوی کلینڈر کے مطابق اس سال 4 فروری کی شام چین میں چاند رات ہوگی۔ اس روز وہ نوجوان یا افراد جو اپنے گھروں اور شہروں سے تعلیم حاصل کرنے یا نوکری کی کی غرض سے باہر گئے ہوتے ہیں وہ واپس لوٹ آتے ہیں۔

اس رات لوگ اپنے اہل خانہ کے ساتھ اکھٹے ہو کر ایک بڑی ضیافت کا اہتمام کرتے ہیں۔ وہ رات دیر تک جاگتے ہیں۔ ان کی آنکھیں نئے سال کے استقبال کے لئے منتظر رہتی ہیں۔ اس رات وہ چیز جو ضرور کھائی جاتی ہے وہ ہے ڈمپلنگ۔

اس رات بزرگ بچوں کو سرخ لفافے دیتے ہیں جن میں ان کے لئے رقوم ہوتی ہیں۔

چین کے مختلف علاقوں میں جشن بہار بنانے کے طریقے بھی مختلف ہیں تاہم تاہم "شو سوئی "یعنی نئے سال کے انتظار میں رت جگے کی رسم ہر جگہ ایک جیسی ہوتی ہے قمری کیلنڈر کے بارہویں مہینے کے آخری دن کی رات خاندان کے تمام لوگ اکٹھے کھانا کھاتے ہیں شمالی چین میں اس موقع پر ڈمپلنگ کھائے جاتے ہیں گھر والے میز کے ارد گرد اکٹھے بیٹھ کر ڈمپلنگ بناتے ہیں اور گپ شپ کرتے ہیں اور تہوار کی خوشی مناتے ہیں چینی نئے سال کے پہلے دن نئے ملبوسات زیب تن کرتے ہیں نئے سال کے استقبال میں پٹاخے چھوڑے جاتے ہیں۔ آتشبازی سے آسمان سرخ ہو جاتا ہے اور پٹاخوں کی آواز سے سارا چین گونج اٹھتا ہے ۔ روایات کے مطابق ان آوازوں سے یہ بد روحیں اور برائیاں بھاگ جاتی ہیں ۔

چاند رات کا ٹی وی شو

وقت گذرنے کے ساتھ ساتھ چین میں بہت سی تبدیلیاں رونما ہوئی ہیں۔ ایسی ہی ایک خوشگوار تبدیلی چاندرات کو پیش کیا جانے والا چائنہ سینٹرل ٹیلی ویژن کا " ایوننگ گالا شو" ہے۔ یہ شو 1980 کی دہائی سے باقاعدگی کے ساتھ پیش کیا جاتا ہے۔ یہ چین میں سب سے زیادہ دیکھا جانے والا ٹیلی ویژن پروگرام ہے۔

چین میں  نئےقمری  سال کا آغاز

چین میں نئےقمری سال کا آغاز

نئے سال کا پہلا دن: عید کا روز

چینی قمری کلینڈر کے پہلے مہینے کو "چنگ یوئے" کہا جاتا ہے۔ عیسوئی تقویم کے مطابق اس سال 5 فروری جشن بہار کا پہلا روز ہوگا۔ اس دن لوگ اپنے دوستوں اور رشتے داروں کے گھروں میں مبارکباد دینے جاتے ہیں۔ ان کے ساتھ نئے سال کے تہنیتی پیغامات کا تبادلہ کرتے ہیں۔ ایک دوسرے کے لئے نیک تمناوں کے اظہار کے لئے خوبصورت الفاظ کا چناؤ کیا جاتا ہے۔ یہ رسم چینی زبان میں "بائی نیان" کہلاتی ہے میزبان مہمانوں کی تواضع مٹھائیوں سے کرتے ہیں ۔

بائی نیان کی مخصوص دعائیں

نیا سال آپ کے لئے زیادہ خوشحالی کے کر آئے(گونگ شی فا چھائی)

ہر کام آپ کی خواہش کے عین مطابق ہو (وان شی رو ای)

آپ مکمل طور پر تندرست اور صحت مند رہیں(شن تھی چیان کھانگ)

چین میں  نئےقمری  سال کا آغاز

چین میں نئےقمری سال کا آغاز

نئے سال کا دوسرا دن

چین میں نئی دلہنیں روائتی طور پر جشن بہار اپنے سسرال میں اپنے شوہر کے اہل خانہ کے ساتھ مناتی ہیں۔ جشن بہار کے دوسرے دن یعنی "چنگ یوئے" کی دو تاریخ کو وہ اپنے آبائی گھروں کی جانب لوٹتی ہیں اور اپنے اہل خانہ کے ساتھ ملاقات کرتی ہیں۔ اب رواج بدل رہے ہیں یہ ضروری نہیں کہ سسرال میں جشن بہار منایا جائے۔ مختلف لوگ مختلف طریقے اختیار کرنے لگے ہیں۔

پندرہواں روز(چنگ یوئے شی او) یا لالٹین تہوار

یہ تہوار بنیادی طور پر خزانے کی دیوی کے استقبال کے لئے منایا جاتا ہے۔ یہ دن بھی خاندانوں کے اجتماع کا دن ہے۔ اس دن کی خاص بات یہ ہے کہ لوگ اپنے گھروں کے باہر سرخ رنگ کی خوبصورت لالٹین لٹکاتے ہیں۔مختلف علاقوں میں لالٹین تہوار بھی منائے جاتے ہیں جہاں خوبصورت رنگوں اور ڈائزائنوں سے آراستہ لالٹینوں کی نمائش کی جاتی ہے۔ لالٹینوں پر مختلف دعائیہ جملے لکھے ہوتے ہیں۔ اسی طرح کچھ لالٹینوں پر پہلیاں درج ہوتی ہیں۔ شمالی چین میں اس دن کا مخصوص کھانا لیس دار چاولوں سے بنی ہوئی ایک مٹھائی ہوتی ہے جسے"یوان شیاؤ "کہتے ہیں۔ چین کے جنوبی علاقوں کے رہنے والے لوگ "تانگ یوان "کھاتے ہیں یہ بھی اسی طرح کی ایک مٹھائی ہے لیکن اور طریقے سے بنی ہوئی۔

چھن ین: 40 روز میں تین ارب سے زائد بار سفر

چین میں جشن بہار کے دوران سفر کو " چھن ین" کہا جاتا ہے۔ رواں سال چھن ین کا آغاز 21 جنوری کو ہوا اور یہ یکم مارچ تک جاری رہے گا اور ان چالیس روز میں چینی شہر ی کم وبیش تین ارب بار سفر اختیا ر کریں گے۔اس سفر کو دنیا کی سب سے بڑی انسانی ہجرت کہا جاتا ہے۔ اس دوران لوگ سڑک، ریل،آبی اور ہوائی راستوں سے سفر کرتے ہیں۔ تاہم اتنی بڑی سفری سرگرمی کے دوران میں چین مثالی انتظامات دیکھنے کو ملتے ہیں۔


شیئر

Related stories