پاکستان مسلم لیگ۔ن کے میڈیا کوآرڈینیٹر ، سینئر کالم نویس محمد مہدی کی چائنا ریڈیو انٹر نیشنل کی اردو سروس سے بات چیت

2017-11-08 14:18:16
شیئر
شیئر Close
Messenger Messenger Pinterest LinkedIn

پاکستان مسلم لیگ۔ن کے میڈیا کوآرڈینیٹر ، سینئر کالم نویس محمد مہدی کی چائنا ریڈیو انٹر نیشنل کی اردو سروس سے بات چیت

پاکستان مسلم لیگ۔ن کے میڈیا کوآرڈینیٹر ، سینئر کالم نویس محمد مہدی نے اپنے حالیہ دورہ چین کے دوران چائنا ریڈیو انٹر نیشنل کی اردو سروس سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ چین پاک اقتصادی راہداری کے تحت پاکستان میں توانائی کے منصوبوں پر کامیابی سے پیش رفت جاری ہے۔ توانائی کے منصوبوں کی بدولت اب بجلی کی لوڈشیڈنگ میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔بجلی کی فراہمی کی بہتر صورتحال سے اب صنعتیں چلنے لگی ہیں اور چھوٹے پیمانے پر کاروبار کرنے والے افراد اس سے بڑے  پیمانے پر مستفید ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سی پیک کے تحت اقتصادی زونز کی تعمیر سے روزگار کے وسیع مواقع پیدا ہوں گے اور صنعتیں فعال ہوں گی۔سی پیک میں اب برطانیہ سمیت دیگر ممالک کی دلچسپی بڑھتی جا رہی ہے اور بیرونی ممالک بھی سی پیک کا حصہ بننا چاہتے ہیں۔

محمد مہدی نے مزید کہا کہ چین پاک اقتصادی راہداری سے پاکستان کے کم ترقی یافتہ علاقوں کی ترقی ممکن ہو سکے گی۔گلگت۔بلتستان میں سی پیک کے تحت شاہراہوں کی تعمیر سے ملک کے دیگر حصوں سے روابط میں آسانی کے ساتھ ساتھ سماجی معاشی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔اسی طرح صوبہ خیبر پختونخواہ کے پسماندہ علاقوں کی ترقی سی پیک سے ممکن ہو سکے گی۔ان کا مزید کہنا تھا کہ سی پیک کے تحت پاکستان کے قبائلی علاقہ جات میں بھی اقتصادی زون اور شاہراہیں تعمیر کی جائیں گی اور یہ علاقہ جو گزشتہ ستر برسوں سے پسماندہ رہا ہے اب اس علاقے کی ترقی بھی سی پیک کے تحت ممکن ہو گی۔اسی طرح بلوچستان میں تعمیراتی منصوبوں کے باعث مقامی لوگوں کا جہاں معیار زندگی بہتر ہو گا وہاں انھیں روزگار کے مواقع بھی میسر آئیں گے۔سی پیک کی بدولت بہت جلد گوادر ایک ترقی یافتہ شہر میں تبدیل ہو جائے گا۔گوادر میں لوگوں کو تعلیم ، صحت اور دیگر سماجی سہولیات میسر آنا شروع ہو چکی ہیں جس میں مزید اضافہ ہو گا۔

سینئر پاکستانی کالم نویس نے بات چیت کے دوران مزید کہا کہ پاکستان کی تقریباً تمام سیاسی جماعتیں سی پیک کی مکمل حمایت کر رہی ہیں اور اگر بلوچستان میں کسی جماعت کو تحفظات بھی ہیں تو تب بھی سی پیک کی مخالفت نہیں کی جا رہی ہے کیونکہ تحفظات کا تعلق مقامی مسائل اور معاملات سے ہے جنہیں حل کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ سی پیک کی کامیاب اور بر وقت تکمیل میں میڈیا کا ایک اہم کردار ہے۔پاکستانی میڈیا کو پاکستان اور چین کے درمیان ثقافتی تعاون کو فروغ دینے کے لیے کام کرنے کی ضرورت ہے ۔

سی پیک کی کامیاب تکمیل میں چین اور پاکستان کے درمیان میڈیا وفود کے تبادلوں کو انتہائی اہمیت کا حامل  قرار دیتے ہوئے محمد مہدی نے کہا کہ اِن دوروں سے جہاں صحافیوں کو قریب سے  حقائق   سمجھںے اور دیکھنے کا موقع ملتا ہے   وہاں دوسری جانب چینی معاشرے کا رہن سہن اور ثقافتی پہلووں سے متعلق بھی آگاہی حاصل ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی اور دیگر میڈیا میں گزشتہ کچھ عرصے کے دوران یہ خبریں پڑھنے کو ملی کہ چین میں شائد مسلمانوں کو مکمل مذہبی آزادی حاصل نہیں لیکن  بیجنگ سمیت جن شہروں میں ہمیں جانے کا اتفاق ہوا وہاں مساجد بھی موجود تھیں اور حلال کھانا بھی با آسانی دستیاب تھا سو ان تمام حقائق کے بعد ایسا لگا کہ چین مخالف صرف ایک بے بنیاد پروپیگنڈا کیا جا رہا تھا جس کا حقائق سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ اس دورے کے بعد پاکستانی صحافی یقیناً اِن مثبت پہلووں کو اجاگر کریں گے۔انہوں نے چائنا ریڈیو انٹرنیشنل کے ایف ایٹ نائٹی ایٹ دوستی چینل کے لاہور سے آغاز کو ایک خوش آئند قدم اور تازہ ہوا کا ایک جھونکا  قرار دیتے ہوئے کہا کہ  مستقبل میں چینی اور پاکستانی میڈیا اداروں کے درمیان مزید تعاون کا سلسلہ جاری رہنا چاہیے۔


شیئر

Related stories