چھنگ تاو میں آپ کو خوش آمدید

2018-06-07 14:10:58
شیئر
شیئر Close
Messenger Messenger Pinterest LinkedIn

چھنگ تاو میں آپ کو خوش آمدید

چھنگ تاو میں آپ کو خوش آمدید

تحریر : شاہد افراز خان

چین کے ساحلی شہر چھنگ تاو میں نو سے دس جون تک شنگھائی تعاون تنظیم کے اٹھاوریں سربراہی اجلاس کا انعقاد  کیا جا رہا ہے ۔ اس عالمی سرگرمی کے انعقاد کے حوالے سے شہریوں کا جوش و جذبہ عروج پر ہے۔ شہر کو انتہائی خوبصورت رنگوں سے سجایا گیا ہے جس میں چین کی قدیم اور جدید ثقافت کو مختلف انداز سے اجاگر کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ چھنگ تاو شہر کی اہم سرکاری عمارتوں ، شاہراہوں کے اطراف ، ہوٹلوں ، ریلوے اسٹیشنز ، بس اڈوں ، سیاحتی مقامات اور عوامی پارکس سمیت مختلف جگہوں پر  ایس سی او سمٹ کے حوالے سے خیر مقدمی بینرز آویزاں کئے گئے ہیں اور ڈیجٹل اسکرینوں کی مدد سے تنظیم کے منشور اور مقاصد کو اجاگر کیا جا رہا ہے۔

ریلوے اسٹیشن اور ہوائی اڈے پر  بیرونی ممالک سے آنے والے معزز مہمانوں کو رضاکاروں کی جانب سے  پھول اور تحائف پیش کیے جاتے ہیں جبکہ اُن کی سہولت کے لیے اسٹیشن سے ہوٹلوں تک مختلف شٹل بسیں چلائی گئی ہیں۔یہ بات قابل زکر ہے کہ سمٹ کے حوالے سے شہر بھر میں تقریباً دو ہزار سے زائد رضاکار باہر سے آنے والے مہمانوں کی رہنمائی کا فریضہ سر انجام دے رہے ہیں۔ رضاکاروں سے بات چیت کے دوران پتہ چلا کہ اکثریت یونیورسٹی اور کالج کے طلباء کی ہے جو تدریسی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ  اپنے شہر کی ساکھ  کی خاطر رضاکارانہ طور پر سمٹ کے کامیاب انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے انتہائی جوش و جذبے سےانتظامیہ کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔ اکثر طلباء کے نزدیک بیرونی ممالک سے آنے والے مہمانوں سے بات چیت اور تبادلہ خیال سے اُن کے اعتماد میں اضافہ ہو رہا ہے جو مستقبل میں ان کی پیشہ ورانہ زندگی کے لیے اہم ثابت ہو سکتا ہے۔  

شنگھائی تعاون تنظیم کے اٹھارویں اجلاس کے حوالے سے چین کے شہر چھنگ تاو میں چینی اور غیر ملکی میڈیا افراد کے لیے جدید سہولتوں سے آراستہ میڈیا سنٹر قائم کیا گیا ہے. میڈیا سنٹر کا رقبہ پینتیس سو مربع میٹر ہے جبکہ میڈیا نمائندوں کی آسانی کے لیے سنٹر میں انٹرنیٹ، کمپیوٹرز اور بہتر مواصلات کے حوالے سے دیگر سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔انتظامیہ کے مطابق اگرچہ صحافیوں کی اکثریت اپنے لیپ ٹاپس ساتھ لے کر آتی ہے مگر اس کے باوجود اُن کی سہولت کے لیے چھ سو کمپیوٹرز میڈیا سنٹر میں رکھے گئے ہیں۔انتظامیہ کے مطابق سمٹ کی کوریج کے لیے اندرون چین اور بیرونی ممالک سے آنے والے تقریباً تین ہزار صحافیوں کا اندراج کیا گیا ہے۔صحافیوں کی سہولت کے لیے با قاعدہ میڈیا کٹس تیار کی گئی ہیں جسمیں تمام ضروری معلومات موجود ہیں۔اس حوالے سے یہ بات بھی اہم ہے کہ ایس سی او سمٹ کی براہ راست کوریج اور  مختلف سرگرمیوں کے حوالے سے رپورٹس   جن زبانوں میں نشر کی جائیں گی اُن میں چینی کے علاوہ اردو ، روسی ، انگریزی ، ہندی ، تامل اور دیگر زبانیں شامل ہیں۔ 

غیر ملکی صحافیوں کے لیے جو  چیز نہایت دلچسپ ہے وہ میڈیا سنٹر میں روبوٹس کی موجودگی ہے۔انتظامیہ کی جانب سے میڈیا سنٹر میں مصنوعی ذہانت سے آراستہ روبوٹس رکھے گئے ہیں جو  سنٹر کے مختلف حصوں سےمتعلق رہنمائی فراہم کرتے ہیں۔روبوٹ سے باتیں کرنا یقیناً ایک دلچسپ تجربہ ہے جو آپ کو چینی اور انگریزی زبان میں آپ کے سوال کا جواب دے سکتا ہے جبکہ یہ روبوٹ چل بھی سکتا ہے اور سمتوں سے متعلق آپ کی رہنمائی کر سکتا ہے۔ میڈیا سنٹر میں بھی چھنگ تاو شہر کے مختلف تعلیمی اداروں سے طلباء صحافیوں کی رہنمائی کے لیے رضاکارانہ طور پر خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔میڈیا شخصیات کی تفریح اور کھانے پینے کے لیے بھی انتظامیہ کی جانب سے خاطر خواہ انتظامات  لائق تحسین ہیں۔ یہاں یہ امر لائق تحسین ہے کہ چونکہ شنگھائی تعاون تنظیم کے مستقل رکن ممالک میں پاکستان سمیت اکثریت اسلامی ممالک کی ہے لہذا انتظامیہ نے کھانے پینے کی حلال اشیاء کا انتظام کیا ہے۔اس وقت چونکہ ماہ صیام ہے لہذا اسلامی ممالک سے آنے والے افراد  کے لیے خاص انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ وہ باآسانی روزے بھی رکھ سکیں۔

بیرونی ممالک سے آنے والے افراد اگر دن کی روشنی میں چھنگ تاو شہر کے خوبصورت فطری مناظر سے لطف اٹھا سکتے ہیں تو شام کے اوقات میں انتہائی دیدہ زیب لائٹنگ اور ساحل کا حسن ان کے لیے باعث کشش ہے۔رہن سہن ، بہتر معیار زندگی اور سہولیات کی دستیابی کے باعث چھنگ تاو شہر کا شمار چین کے چالیس اولین قابل رہائش شہروں میں کیا جاتا ہے ۔ وسیع جنگلات ، خوشگوار آب و ہوا ، یورپی طرز کا فن تعمیر  اس شہر کو چین کے کئی دیگر شہروں سے ممتاز کرتا ہے جبکہ جون کے مہینے میں کھلے مختلف پھولوں نے شہر کی خوبصورتی کو مزید دوبالا کر دیا ہے۔ سمٹ کے دوران شہر کے دلکش ماحول کی خاطر انتظامیہ نے ساٹھ ہزار مربع میٹرز  رقبے کو تازہ پھولوں سے سجا دیا ہے۔

پاکستان اور بھارت کی شنگھائی تعاون تنظیم کے مستقل رکن ممالک کی حیثیت سے شمولیت کے بعد تنظیم کا یہ پہلا تاریخی اجلاس ہے  ۔پاکستان کا وفد بھی صدر پاکستان ممنون حسین کی سربراہی میں  سمٹ میں شریک ہو گا۔ اجلاس کے دوران یہ توقع کی جا سکتی ہے کہ  شنگھائی تعاون تنظیم کی روح شنگھائی اسپرٹ کے تحت باہمی اعتماد ، باہمی مفاد ، برابری ، مشاورت ، ثقافتی تنوع کے احترام اور مشترکہ ترقی کی جستجو  کے تحت کئی اہم امور پر تفاق رائے اور پیش رفت ممکن ہو سکے گی اور علاقائی و عالمی سطح پر تنظیم کے فعال کردار کو  مزید فروغ دیا جا سکے گا۔  


شیئر

Related stories